مہاتما گاندھی پوری عالمی برادری کے لیے ایک وردان ہیں۔صدر مرمو
نئی دلی/ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج نئی دہلی کے گاندھی درشن میں مہاتما گاندھی کے 12 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور ‘ گاندھی واٹیکا’ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی پوری عالمی برادری کے لیے ایک وردان ہیں۔ ان کے نظریات اور اقدار نے پوری دنیا کو ایک نئی سمت دی ہے۔ انہوں نے ایسے وقت میں عدم تشدد کا راستہ دکھایا جب عالمی جنگوں کے دوران دنیا کئی طرح کی نفرتوں اور انتشار کا شکار تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاندھی جی کے سچائی اور عدم تشدد کے تجربے نے انہیں ایک عظیم انسان کا درجہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے مجسمے بہت سے ممالک میں نصب ہیں اور دنیا بھر کے لوگ ان کے نظریات پر یقین رکھتے ہیں۔ نیلسن منڈیلا، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور براک اوباما کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے عظیم رہنما گاندھی جی کے دکھائے گئے سچائی اور عدم تشدد کے راستے کو عالمی فلاح کا راستہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چل کر عالمی امن کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ گاندھی جی نے عوامی اور ذاتی زندگی میں تقدس پر بہت زور دیا۔ ان کا ماننا تھا کہ اخلاقی طاقت کی بنیاد پر ہی عدم تشدد کے ذریعے تشدد کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خود اعتمادی کے بغیر، کوئی بھی شخص منفی حالات میں ثابت قدمی کے ساتھ کام نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تیزی سے بدلتی ہوئی اور مسابقتی دنیا میں خود اعتمادی اور تحمل کی بہت ضرورت ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ گاندھی جی کے نظریات اور اقدار ہمارے ملک اور سماج کے لیے بہت ہی متعلقہ ہیں۔ انہوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ کوششیں کریں تاکہ ہر شہری، خاص طور پر نوجوان اور بچے، گاندھی جی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ پڑھیں اور ان کے نظریات کو اپنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں گاندھی اسمرتی اور درشن سمیتی اور اس طرح کے دیگر اداروں کا رول بہت اہم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں اور بچوں کو کتابوں، فلموں، سیمیناروں، کارٹونوں اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے گاندھی جی کی زندگی کی تعلیمات سے زیادہ واقف کر کے گاندھی جی کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔