ماسکو: روس کی ریاست تاتارستان میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا جب کہ وزارت صحت کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔روسی حکام کے مطابق جہاز میں عملے کے 2 ارکان سمیت 23 افراد سوار تھے جو پیرا شوٹر تھے تاہم حادثے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں، ممکنہ طور پر فنی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی واضح صورتحال سامنے آسکے گی۔مقامی ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کی ترجمان گلازوفا کا کہنا تھا کہ اے این 26 کامچٹکا کے مرکزی شہر پیٹرو پاولوسک سے شہر پلانا کی جانب پرواز کررہا تھا کہ اچانک ریڈار سے غائب ہوگیا اور طے شدہ وقت پر لینڈ بھی نہیں کرسکا۔رپورٹ کے مطابق ٹربولٹ ایئرکرافٹ کو ماضی میں بھی حادثے پیش آتے رہے ہیں اور اپریل 2019 میں نیپال میں ٹیک آف کے دوران اسی طرح کا ایک چھوٹا طیارہ ایئرپورٹ پر کھڑے دو ہیلی کاپٹرز پر گر گیا تھا، حادثے میں تین مسافر ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے تھے۔خیال رہے کہ روس میں رواں سال جولائی میں طیارے کے ایک حادثے میں 28 مسافر ہلاک ہوئے تھے، روس کا اے این 26 مسافر بردار طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔