سری نگر/ جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے مومن آباد بٹہ مالو میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین منزلہ عمارت پوری طرح سے خاکستر ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ 16فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی سہ پہر کو مومن آباد بٹہ مالو میں ایک کمرشل عمارت سے آگ نمودا رہوئی جس نے آناً فاناً اس عمارت کو پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے فوری طورپر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آگ کی اس واردات میں تین منزلہ عمارت پوری طرح سے خاکستر ہوئی۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ مومن آبا د بٹہ مالو میں ڈائمنڈ ہارڈ ویئیر عمارت میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے تاہم چند منٹوں کے اندر اندر ہی ا?گ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ان کے مطابق چونکہ عمارت میں ہارڈ ویئیر سامان تھا جس وجہ سے آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سولہ فائر ٹینڈروں کی مدد سے گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین منزلہ عمارت پوری طرح سے خاکستر ہوئی اور عمارت میں موجود ہارڈ ویئر سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔