سری نگر/جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ کچھ وقت سے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو زندہ رکھا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ان باتوں کااظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصہ کے بعد جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔ان کے مطابق کشمیر میں اس وقت بچے اسکول اور کالج جا رہے ہیں، کاروباری سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ جاری ہیں اور سیاح بھی جوق د رجوق وادی کی سیر وتفریح پر آرہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جموں وکشمیر میں دہشت گردی لگ بھگ ختم ہونے کی کگار پر ہے تاہم لائن آف کنٹرول کے اس پار دراندازی کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو زندہ رکھا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج نے دراندازی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا لیکن یہ بھی صحیح ہے کہ کچھ دہشت گرد راجوری ،پونچھ اور کپواڑہ سیکٹروں میں اس طرف داخل ہونے میں کامیاب ہوئے جنہوں نے شہریوں اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہری ہلاکتوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا جلد پتہ لگاکر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران پولیس سربراہ نے کہاکہ حال کے ایام میں ایل او سی پر چھ دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا اور گزشتہ روز ہی کیرن سیکٹر میں پانچ تربیت یافتہ ملی ٹینٹوں کو تصادم آرائی کے دوران مار گرایا گیا۔ان کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ گزشتہ روز ہی پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کے دوران ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کو واپس اس پار دھکیلا گیا۔یہ پوچھے جانے پر کہ ہندوپاک افواج کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پایا ہے اورا س کے باوجود بھی دراندازی کی کوششیں ہو رہی ہیں کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ ا±س پار سے ملی ٹینٹوں کو بھارتی حدود میں داخل ہونے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ وادی کشمیر میں حالات کو درہم برہم کیا جاسکے۔سالانہ امر ناتھ یاترا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جوا ب میں پولیس چیف نے کہاکہ سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سبھی طرح کی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔پولیس سربراہ نے کہاکہ ایک خوش آئند بات یہ ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اب تشدد کو پوری طرح سے مسترد کیا اور وہ پر امن طورپر اپنی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔منشیات کے خلاف پولیس کی جانب سے چلائی جارہی مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ سماجی بدعات اور منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر پولیس کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ سماج کے ہر طبقے کو منشیات کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہئے تاکہ سماج میں اس ناسور کو پنپنے کا موقع فراہم نہ ہو سکے۔یو این آئی