جنوبی ضلع اننت ناگ کے چیئر وارڈ گاوں میں آدم خور ریچھ نے مقامی شہری پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ا س کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔اطلاعات کے مطابق کوکر ناگ کے چیئر وارڈ گاوں میں جمعے کے روز اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب بھاری برکم ریچھ نے 40 سالہ شہری پر حملہ کرکے اس کا گوشت نوچ ڈالا۔معلوم ہوا ہے کہ چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور خون میں لت پت مقامی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں نے چالیس سالہ شہری کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت ضمیر احمد بیگ ولد یوسف بیگ کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا مقامی لوگوں نے بتایا کہ کوکر ناگ کے دور افتادہ علاقوں میں جنگلی جانوروں کی بستیوں میں موجودگی کے باعث عوام الناس میں فکر و تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے وائلڈ لائف محکمہ سے اپیل کی ہے کہ جنگلی جانوروں کو پکڑنے کی خاطر خصوصی مہم شروع کی جائے۔