چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آن لائن پلیٹ فارم امنگ اور ڈیجی لاکر کے ساتھ سرکاری محکموں کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف خدمات کو مربوط کرنے کے عمل کا آغاز کیا ۔ اس لانچ ایونٹ میں کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ، کمشنر سیکرٹری آئی ٹی ، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاران موجود تھے ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے یاد دلایا کہ پچھلے دو برسوں میں یو ٹی نے ڈیجٹل تبدیلی کی طرف بڑی پیش رفت کی ہے اور مشن موڈ میں ’ ڈیجٹل جموں و کشمیر ‘ پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد اپنے شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا ہے ۔ ڈاکٹر مہتا نے ’ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس ‘ اور تمام جی ٹو سی خدمات کی دہلیز پر سرکاری دفاتر کے دورے کی ضرورت کے بغیر فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے ایک ہی جگہ پر خدمات تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈاکٹر مہتا نے ان اقدامات کو عام لوگوں کی حقیقی بااختیاریت قرار دیا کیونکہ یہ انہیں دنیا کے کسی بھی حصے سے خدمات تک بلا روک ٹوک اور چوبیس گھنٹے رسائی فراہم کریں گے ۔ انہوں نے محکمہ کے مشورہ دیا کہ وہ اس رفتار کو جاری رکھے تا کہ عام لوگوں کی آسانی کیلئے تمام خدمات ان پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط ہو جائیں ۔ انہوں نے آر اے ایس کے ساتھ تمام خدمات کے انضمام اور عوام کو معیاری اور بروقت فراہمی کیلئے آٹو اپیل پر بھی اصرار کیا ۔ ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ جہاں تک سرکاری دفاتر کو جیب میں لے جانے کا تعلق ہے امنگ کو ایک ماسٹر ایپلی کیشن کے طور پر کام کرنے کا تصور کیا گیا ہے جو موبائل پلیٹ فارم پر مختلف شعبوں کی اہم سرکاری خدمات کو مربوط کرتا ہے اور اس طرح ان آلات کو پورٹیبل دفاتر میں تبدیل کرتا ہے ۔ ایپلی کیشن صارفین کو ای گورنمنٹ سروسز تک رسائی کے قابل بناتی ہے اور تصدیق شدہ سرکاری خدمات حاصل کرنے کیلئے ون سٹاپ حل کی سہولت فراہم کرتی ہے ۔ جموں و کشمیر کی 31 خدمات کوشامل کیا گیا ہے اور 11 مرکزی خدمات ( اے آئی سے ٹی ای ، بی بی پی ایس ، میرا راشن اور گاڑی ) بھی جموں و کشمیر کے شہری استفادہ کر سکتے ہیں ۔ امنگ ایپ کے ساتھ ضم ہونے والی 6 سروسز میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کی جانے والی یعنی نیا کنکشن ، نام کی تبدیلی ، ملکیت کی تبدیلی ، زمرہ کی تبدیلی اور ٹریک اسٹیٹس خدمات شامل ہیں ۔ مختلف محکموں کی طرف سے پیش کی جانے والی بارہ خدمات کو آن لائن پلیٹ فارم ڈیجی لاکر کے ساتھ مربوط کیا گیا تھا ۔ آئی ٹی کے ان اقدامات کے بارے میں کہا گیا کہ ڈیجٹل جموں و کشمیر کا وژن عوامی خدمات کی فراہمی میں کارکردگی ، تاثیر ، شفافیت اور مساوات کو بڑھانا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو بااختیار بنانا ہے تا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے ڈیجٹل اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی طاقت کا فائدہ اٹھایا جا سکے ۔