سری نگر/سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کرناہ کے نچیان ٹاپ کے نزدیک ایک آلٹو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔معلوم ہوا ہے کہ آس پاس لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران گاڑی میں سوار تین زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک زخمی کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت 52سالہ رفیق قریشی ولد غلام حسن ساکن ٹاڈ کرناہ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی پہچان شکور احمد ولد کلام الدین ساکن دراگڈ اور رمضان بٹ ولد عبدالجبار ساکن ہندواڑہ کے بطور کی گئی۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔














