بھیانک آگ کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان جل کر راکھ
سرینگر/26اپریل// شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ علاقے کے قلم آباد گاو¿ں میں ایک زبردست آتشزدگی کے واقعہ میں کم از کم سات دکانیں اور ایک رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گیا۔اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ آج دوپہر ایک رہائشی مکان میں آگ لگ گئی۔ بھڑکتی ہوئی آگ جلد ہی جامع مسجد قلم آباد کے قریب واقع ایک شاپنگ کمپلیکس میں پھیل گئی۔ہنگامی صورتحال کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی ،ہندواڑہ پولیس، فوج کی 30 آر آر اور مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کے لیے کارروائی کی۔ گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا لیکن اس سے پہلے کہ اس نے کم از کم سات دکانوں اور ایک دو منزلہ رہائشی مکان کو خاکستر کر دیا۔ تباہ ہونے والی دکانوں میں چار تجارتی سامان (کریانہ)، دو ہارڈویئر اور ایک درزی شامل ہیں۔ رہائشی مکان اور شاپنگ کمپلیکس ایک غلام احمد نجار کا بتایا جاتا ہے۔آگ سے جامع مسجد قلم آباد کے اٹاری والے حصے کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔ریسکیو آپریشن کے دوران دو شہری اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور انہیں جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔چیئرمین جامع مسجد قلم آباد عبدالغنی ریشی نے ہندواڑہ پولیس اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ فوج کے 30 آر آر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ تاہم مسجد کے سربراہ نے ایف اینڈ ای ایس ڈیپارٹمنٹ کے مقامی یونٹ کو بروقت کارروائی کرنے میں ناکامی پر ملامت کی، جس کی وجہ سے ان کے مطابق آگ میں اضافہ ہوا۔انہوں نے مزید کہاکہ اہم مقامی ایف اینڈ ای ایس ڈیپارٹمنٹ یونٹ کے قابل رحم رویہ سے ہم انتہائی پریشان ہیںجو اپنا فرض نبھانے میں ناکام رہا ہے ۔














