شب قدر اور عید الفطر کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا
سرینگر/ماہ رمضان کے مقدس ایام ، شب قدر اور عید الفطر کے مواقعوں پر عبادتگاہوں اور زیارتگاہوں میں ذائرین کےلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کہا ہے کہ مقدس ایام میں لوگوںکو ہر طرح کی سہولیت کو بہم رکھنے کےلئے انتظامیہ وعدہ بند ہے ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور آنے والی شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے سرینگر میں درگاہوں ، خانقاہوں اور مساجد کا وسیع دورہ کیا۔ان کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر کشمیر قاضی سرور، کمشنر ایس ایم سی اور سی ای او سمارٹ سٹی، اطہر عامرکے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بشمول پاور، پی ایچ ای، آر اینڈ بی، صفائی، ایس ایم سی، وقف بورڈ وغیرہ دورہ کے دوران موجود تھے ۔ آستانوں اور زیارت گاہوں میں بجلی اور پینے کے پانی کی سہولت کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی کمشنر نے متعلقہ افراد کو آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ایام مترکہ خاص طور پر شب قدر کے حولے سے درگاہ حضرتبل ، دستگیر صاحب خانیار اور امام باڑہ جڈی بل میں خصوصی انتظامات کی بھی ہدایت دی تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے درگاہ حضرت بل مینجمنٹ کمیٹی اور ایس ایم سی کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ درگاہ کے فرنٹیئر لان میں موجود پانی کے چشمے کو جلد سے جلد فعال کریں۔اس کے علاوہ انہوں نے ریلنگ کی مرمت کے ساتھ احاطے کی گھاس کی کٹائی اور لینڈ سکیپ ڈیولپمنٹ کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے لوگوں کی حفاظت اور مقدس مقام کے تقدس کو یقینی بنانے کے لیے حضرت بل آستان کے آس پاس مسلسل کتے پکڑنے کی مہم چلانے پر زور دیا۔انہوں نے دستگیر صاحب خانیار میں تزئین و آرائش کے کاموں میں تیزی لانے اور درگاہ پر خواتین کے لیے علیحدہ وضو خانہ کی تجدید کی بھی تاکید کی۔اس دوران انہوںنے امام باڑہ جڈی بل کا دورہ کے دوران متعلقہ کمیٹی نے احاطے کی توسیع اور سڑک کو چوڑا کرنے کے مسائل سے آگاہ کیا اور اس معاملے میں ان سے مداخلت کی درخواست کی۔اس موقعے پر پاور اینڈ الیکٹرسٹی PDD اور PHE عہدیداروں کو امام بارہ میں بجلی اور پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیںگئیں۔














