مرکزی وزیر مملکت سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ ریٹائرڈ جنرل ڈاکٹر وی کے سنگھ نے 400لیٹر فی منٹ فراہم کرنے کی صلاحیت والی آکسیجن پلانٹ کا کوکر ناگ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں افتتاح کیا ۔ اس موقعے پر انہوںنے پلانٹ کو کامیابی کے ساتھ نصب کرنے پر متعلقہ افسران کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کے اقدامات معمول اور سنگین صورتحال میں فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔ انہوںنے ہسپتال کے طبی اور نیم طبی عملہ کی اس بات کی سراہنا کی کہ انہوںنے کووڈ 19کے سخت مشکل دور میں بھی لوگوں کی خدمت انجام دی ۔ افتتاحی تقریب پر موصوف کے ہمراہ ضلع کمشنر ڈاکٹر پیوش گوئل سنگلا ، سی ای ایم ای ڈی ، اے ڈی ڈی سی ، سی پی او، اے سی آر ، ایس ڈی ایم کوکرناگ کے علاوہ سی ایم او اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ بعد میں وزیر موصوف نے ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کی جانب سے اُٹھائے گئے معاملات کو غور سے سنا۔ عوامی وفود کی جانب سے ان کے علاقوں میں طبی خدمات میں اور عوامی بہبود کے کاموں میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقعے پر عوامی وفود نے وزیر موصوف کا اننت ناگ کا دورہ کرنے پر شکریہ اداکیا ۔