سرینگر/25مارچ///”وارس دے پنجاب“ کے سربراہ امرت پال سنگھ کے ساتھ مبینہ طور پر رابطہ رکھنے کے الزام میں جموں میں میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور امرت پال سنگھ سے تعلقات کے بارے میں ان سے پوچھ تاچھ کی جاری ہے ۔ ”وارس دے پنجاب“ کے سربراہ امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے جاری چھاپوں کے تسلسل میںپولیس نے ہفتے کے روز جموں کے رنبیر سنگھ پورہ علاقے سے ایک جوڑے کو امرت پال سنگھ کے ساتھ مبینہ رابطے کے الزام میں حراست میں لیا۔ذرائع نے بتایا کہ آر ایس پورہ کے رہائشی امرک سنگھ اور اس کی بیوی پرمجیت کور کو حراست میں لے کر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں امرت پال سنگھ کے قریبی ساتھی پاپ پریت سنگھ سے مبینہ طور پر روابط رکھنے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔مزید تفتیش کے لیے جوڑے کے موبائل فون بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور وہ جوڑے سے پوچھ گچھ کرے گی۔قبل ازیں، کشتواڑ اور رامبن اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس نے وارث دے پنجاب کے سربراہ اور خالصتان نواز سکھ رہنما امرت پال سنگھ کے ساتھ دو محافظوں کے اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیے۔ذرائع نے بتایا کہ امرت پال سنگھ کے محافظ تلویندر سنگھ اور وریندر سنگھ کے لائسنس کشتواڑ اور رامبن اضلاع میں جاری کیے گئے تھے۔













