کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے مودی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ کسانوں کی مانگوں کو تسلیم کریں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ کسانوں کو ملک کے کونے کونے سے حمایت حاصل ہے اسلئے سرکار کو یہ تحریک نظرانداز نہیں کرنی چاہئے ۔ نئے زرعی قوانین کی مخالفت میں کسان تنظیمی کے مشترکہ محاذ کی جانب سے اعلان کئے گئے بھارت بند کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے دعوی کیا کہ کاروباریوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے نافذ کئے گئے زرعی قوانین کی مخالفت میں کسانوں کو پورے ملک کی حمایت حاصل ہے۔ پرینکا واڈرا نے پیر کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا’ کھیت کسان کا، محنت کسان کی، فصل کسان کی لیکن بی جے پی حکومت ان پر اپنے کھرب پتی دوستوں کا قبضہ کرانے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پورا ہندوستان کسانوں کے ساتھ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کالے قانون کو واپس لیں۔ قابل ذکر ہے کہ متحدہ کسان مورچہ نے زرعی قوانین کی مخالفت میںسوموار کو بھارت بند کی اپیل کی ہے۔ مغر بی اترپردیش کے کچھ مقامات کو چھوڑ کر پوری ریاست میں بند کا کوئی خاص اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔