شری رنبیر سنگھ لائبریری کا دورہ کیا اور لائبریری میں سہولیات کا جائزہ لیا
جموںوکشمیرمیں گزشتہ برس 2.26 لاکھ لوگوں نے 131 پبلک لائبریریوں کادورہ کیا
سیکرٹری ثقافت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج یہاں شری رنبیر سنگھ لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے لائبریری کے مختلف حصوں مثلاً ریڈنگ روم سیکشن ، چلڈرن سیکشن ، راجاررام موہن رائے سیکشن ، آٹومیشن ، ریفرنس سیکشن وغیرہ کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے لائبریری میں باقاعدگی سے آنے والے طلباءسے بھی استفساری گفتگو اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اُنہوں نے طلباءسے لائبریری کو بہتر اور آسان رَسائی کے لئے تجاویز اور ضروریات کے لئے بھی کہا۔دورے کے دوران اُنہیں جانکاری دی گئی کہ گزشتہ برس 2.26 لاکھ لوگوں نے جموںوکشمیر کی 131 پبلک لائبریریوں کا دورہ کیا۔سیکرٹری ثقافت کے ہمراہ سپیشل سیکرٹری تریشلا کماری ، ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ ایم رفیع ، ڈپٹی سیکرٹری ثقافت عبدالقیوم اور دیگر اَفسران بھی تھے۔سیکرٹری نے اِس ڈیجیٹل دور میں عوام کی بہتر خدمت کرنے اور لائبریری ممبران کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ان پبلک لائبریریوں کو متنوع بنانے کی خاطر محکمہ میں کچھ تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے لائبریری اور معلوماتی خدمات کی مو¿ثر فراہمی کے لئے ذاتی اور پیشہ ورانہ سطح کی مہارتوں کو بڑھانے کے لئے لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کے عملے اور ملازمین کو ایکسپوزر وِزٹ اور ٹریننگ کا مشورہ دیا۔سیکرٹری نے لائبریریوں اور تحقیقی شعبے میں نئی ٹیکنالوجی کو اَپنانے پر زور دیا جس سے لائبریری کے یومیہ کام اورخدمات کی کارکردگی میں اِضافہ ہوگا اور اُنہوں نے مزید کہا کہ پبلک لائبریریوں میں اِنفارمیشن ٹیکنالوجی کے اقدام سے قارئین کی خدمات میں بھی مدد ملے گی۔ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو جموںوکشمیر کی لائبریریوں کی طرف راغب کریں اور پبلک لائبریریوں کو نوجوانوں کے لئے پُر کشش بنانے کی طرف توجہ دیں۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ان کتب خانوں کی طرف متنوع لائن اَپ پروگرام پیش کرکے ، سکولی طلباءکے لئے پبلک لائبریری کے دوروں کا اِنعقاد اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کر کے متوجہ کیا جاسکتا ہے ۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں کو خیالات کا اشترا ک کے لئے دعوت نامے دے کر عوامی شرکت بڑھانے کی تجویز بھی دی جس پر عمل درآمد کیا جاسکتا ہے اور لوگوں سے کہا کہ وہ اَپنی تجاویز dirlibraries@gmail.com پر پوسٹ کریں تاکہ لائبریری کے تجربے کو ہر عمرکے گروپوں کے لئے بہتر اور خوبصورت بنایا جاسکے۔













