پنچاب میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر دو ڈرونز کی نقل وحمل کے بعد بی ایس ایف نے فائرنگ کی
جموں ہوائی اڈے کے قریب ائر ٹریفک کنٹرول کے رڈاروں نے اتوار کو ایک مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع دی جس کے بعد جموں بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈرون کو تلاش کرنے کی خاطر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔دریں اثنا پنجاب میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدپر دو ڈرون دیکھے گئے جس کے بعد بی ایس ایف نے اُن پر کئی منٹوں تک فائرنگ کی لیکن دونوں ڈرون پاکستانی حدودکی طرف واپس چلے گئے۔ اتوار کے روز جموں ہوائی اڈے کے نزدیک ایک مشتبہ ڈرون کو دیکھا گیا جس کے بعد ہوائی اڈے پر تعینات عملے کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ ڈرون کی نشاندہی کے بعد متعلقہ علاقوں کے اردگرد گاوں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں ہوائی اڈے پر ڈرون کی نقل وحمل کے بعد سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور انہوں نے حالات کا جائزہ لیا۔ ادھر پنچاب میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد کے نزدیک گرداس پور علاقے میں دو پاکستانی ڈرون کو فضا میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سرحد پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے ڈرونز پر فائرنگ کی جس دوران دونوں پاکستانی حدود میں واپس چلے گئے۔ بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گرداس پور میں درمیانی شب دو پاکستانی ڈرون کی نقل و حمل کے بارے میں پتہ چلا جس کے بعد متحرک اہلکاروں نے پاکستانی ڈرونز کو مار گرانے کی خاطر ایک سو کے قریب گولیوں کے راونڈ فائرنگ کئے جبکہ پانچ بموں کا بھی استعمال کیا تاہم دونوں ڈرون پاکستانی حدو د میں واپس چلے گئے۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔