خواتین سمیت 8افراد لقمہ اجل
کشتواڑ میں سڑک کے ایک المناک حادثے میں 4خواتین سمیت 8افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل ڈوڈہ میں اسی طرح کے ایک سڑک حادثے میں چار سرکاری افسران لقمہ اجل بن گئے تھے ۔ خطہ چناب میں سڑک کے المناک حادثات کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے اور آئے روز اس طرح کے حادثات میں قیمتی جانوں کا زیاں ہوتا ہے ۔ تازہ واقعے میں بدھ کے روز کشتواڑ کے مروہ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں 8افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مروہ کے رچل علاقے میں ایک سومو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر رینی نالہ میں جاگری جس کے نتیجے میں چار خواتین سمیت 8افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اس سڑک حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کشتواڑ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی جہاں بچاﺅ کارروئیاں شروع کردی گئیں ۔مہلوکین کی شناخت محمد امین شیخ ساکن چنجور مارچھ، عمر غنی شاہ (ڈرائیور) ساکن نواپچی مروہ، محمد عرفان حجام ساکن قادرنا مروہ، آفاق احمد حجام ساکن تھاچنا مروہ، صفورہ بانو ساکن انجر مروہ، مزملا بانو اور آسیہ بانو ساکن یاردو مروہ کے بطور ہوئی ہے ۔ اس ضمن میں ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے بتایا کہ اس ضمن میں رپورٹ درج کرلی گئی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل سوموار کے روز ڈوڈہ میں ایک گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں آر اینڈ بی سے وابستہ چار افسران بشمول ایک ڈرائیور لقمہ اجل بن گئے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ خطہ چناب میں اس طرح کے المناک حادثات آئے روز رنماءہوجاتے ہیں جس میں قیمتی جانوں کا زیاں ہوتا ہے تاہم خطے میں سڑکوں پر تیز رفتاری سے چلائی جانے والی گاڑیوں کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کی جاتی ہے ۔