دونوں متحارب ممالک کی افواج علاقے میں پیش قدمی کیلئے پر تول رہی ہیں
کیف، 5 نومبر (یو این آئی) یوکرین کے علاقے خیرسون پر قبضے کی جنگ نے روس یوکرین جنگ میں بڑی اہمیت اختیار کر لی ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین روس جنگ میں خیرسون سے متعلق لڑائی مرکزی حیثیت اختیار کرنے لگی ہے ، دونوں متحارب ممالک کی افواج علاقے میں پیش قدمی کے لیے پر تول رہی ہیں۔بہ ظاہر اسٹریٹجک لحاظ سے جنوبی یوکرین کے اہم ساحلی شہر خیرسون سے روسی فوجیوں کی پسپائی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، کیف کی افواج مسلسل پیش قدمی کر رہی ہیں، جب کہ روسی صدر پوتن نے گزشتہ روز خطرناک علاقوں سے شہریوں کے انخلا کی منظوری دے دی ہے ، تاکہ بمباری سے شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے ۔روسی صدر کے اس اقدام سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ ماسکو کی افواج خیرسون کا دفاع کرنے کی تیاری کر چکی ہیں، اور علاقے میں متحارب افواج میں خوں ریز جنگ کا پارہ مزید چڑھنے والا ہے ۔تاہم یوکرین کی فوج نے عندیہ دیا ہے کہ وہ عسکری پیش قدمی سے پہلے دشمن کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے گی، خیرسون کے علاقے میں ایک روس نواز رہنما نے جمعرات کو قوی امکان ظاہر کیا کہ روسی افواج دریائے دونیپرو کے مشرقی کنارے کی طرف روانہ ہوں گی۔رہنما کے تبصرے کو اس اشارے کے طور پر لیا گیا ہے کہ روسی افواج شہر کے قریب کے علاقوں سے پیچھے ہٹ سکتی ہیں، رہنما نے جمعہ کو کہا کہ شہر میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ۔واشنگٹن پوسٹ نے جمعہ کے روز مغربی حکام کے حوالے سے کہا کہ روسی افواج پسپائی کے لیے تیار دکھائی دیتی ہیں، اخبار نے اطلاع دی ہے کہ یوکرین کی فوج جلد ہی شہر پر دوبارہ قبضہ کر سکتی ہے ۔