”انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کےخلاف تشدد ہونے کا خطرہ “
واشنگٹن، 29 اکتوبر (یو این آئی) امریکی وسط مدتی انتخابات سے ٹھیک ایک ہفتہ قبل جمعہ کو ایوان زیریں کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پر حملے کے بعد انتخابات سے قبل انتہا پسندوں کی طرف سے تشدد بھڑکانے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پال پیلوسی پر حملے کے چند گھنٹے بعد امریکی حکومت نے سکیورٹی فورسز کو ایک انتباہ جاری کیا اور انہیں چوکنا رہنے کو کہا۔ وارننگ میں یہ بھی کہا گیا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے خلاف تشدد ہونے کا خطرہ ہے ۔ امریکی محکمہ انصاف نے جمعہ کو کہا کہ پنسلوانیا سے کسی شخص نے فون پر متعدد بار دھمکی دی کہ وہ کانگریس کے ایوان بالا کے ایک نامعلوم رکن کو قتل کر دے گا۔ یہی نہیں، ایک اور دھمکی میں کہا گیا کہ کانگریس کے عملے کا ہی کوئی شخص واشنگٹن میں واقع دفتر میں ہتھیار لیکر آرہا ہے ۔