لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے حلوائی کو دھر لیا گیا
سرینگر/بڈگام میںایک اور حلوائی کی جانب سے پاﺅں سے آٹا گوندھنے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حکام نے سوموار کو اُس دکان اور گودام کو مقفل کردیا جس میں حلوائی کام کرتا تھا۔ اس ضمن میں بڈگام پولیس نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں بڈگام میں ایک حلوائی کی جانب سے پاﺅں سے آٹا گوندھتے دیکھا گیا تھا۔ اس ویڈیو کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے فوڈ سیفٹی محکمہ ، انفورسمنٹ کمیٹی بڈگام اور پولیس نے اس دکان اور گودام کو مقفل کردیا جبکہ مذکورہ تاجر عمران حسین حلوائی ولد محبوب حسین حلوائی کو پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اس ضمن میں پولیس نے دفعہ 334/2022اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی طرح کئی جگہوں پر خاص کر بارہمولہ میں کئی حلوائیوں نے پاﺅں سے آٹا گوندھا تھا جس کی بھی ویڈیو وائرل ہوئی تھی اور انتظامیہ نے اس معاملے کو بھی سنجیدگی سے لیکر ان کے دکانوں کو مقفل کیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صحت و صفائی کے فقدان اور اس طرح لوگوں کو ناصاف اشیاءفروخت کرنے کی وجہ سے لوگوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے اور عوامی حلقے اس طرح کے حربے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔














