وزیر اعظم نریندر مودی کے جنم دن کو یادگاری بنانے کےلئے آج سے پندرہ روزہ سیوا پکھواڑا منارہی ہے ۔ ان پندرہ دنوں کے دوران بی جے پی کے کارکن مختلف سماجی خدمات انجام دیںگے جبکہ جموں کشمیر سمیت ملک بھرمیں خون کے عطیہ کے کیمپ لگائے جائیں گے جہاں پر بی جے پی کے کارکن اپنا خون عطیہ کریں گے ۔اطلاعات کے مطابق بی جے پی آج سے اگلے مہینے کی 2 تاریخ تک ملک بھر میں سیوا پکھواڑے کا اہتمام کر کے وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ منارہی ہے۔ نئی دلّی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی MP ارون سنگھ نے کہا کہ اِن 15 روز کے دوران پارٹی کارکن خون کا عطیہ دینے جیسی مختلف سرگرمیوں میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پکھواڑے کے دوران ملک بھر میں ضرورتمند لوگوں کے لیے صحت کی مفت جانچ بھی کی جائے گی اور معذور افراد کو مختلف آلات دیے جائیں گے۔ سنگھ نے بتایا کہ ٹیکہ کاری مہم کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2025 تک بھارت کو TB سے پاک کرنے کے جناب مودی کے نعرے کے تحت پارٹی کارکنان TB کے مریضوں کے علاج کی ذمہ داری بھی لیں گے۔ادھر بی جے پی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ جموں کشمیر میں بھی مودی کی سالگرہ کے تحت تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور جگہ جگہ بلڈ ڈونیشن کیمپوں کا بھی اہتمام ہوگا۔