سرینگر/موسم گرما کے دوران صارفین کو معقول بجلی کی فراہمی اور مختلف اہم پروجیکٹوں پر جاری کام کے سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جانکاری حاصل کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدار ت میں آج ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں موسم گرما کے دوران بجلی کی سپلائی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جبکہ دیگر اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعے پر بتایا گیا کہ موسم گرما کے دوران بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے اور اس کےلئے محکمہ کو قبل از وقت تیاری شروع کی گئی ہے ۔میٹنگ میں لفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ بجلی کی بلا خلل فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے ضروری اقدامات اُٹھائیں۔انہوںنے افسران پر زور دیا کہ وہ بجلی کے غیر منصفانہ استعمال کو روکنے کےلئے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائیں۔ انہوںنے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے کئی اہم اقدامات اُٹھائے جاچکے ہیں جس سے بجلی کی معقولیت میں بہتری آئی ہے ۔ میٹنگ میں دیگر اہم پروجیکٹوں اور منصوبے پر عمل آوری کی بھی جانکاری حاصل کی گئی ۔ ایل جی سنہا نے افسران پر زور دیا کہ وہ زیر تکمیل پروجیکٹوں کو وقت مقررہ تک پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے کام میں سرعت لائیں۔ انہوںنے مختلف سکیموں کی عمل آوری سے متعلقہ بھی افسران سے جانکاری حاصل کی ۔