سرینگر/میونسل وارڈوں کی نئی حد بندی سے متعلق میونسپل کمشنر کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں انہوںنے حد بندی کے کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کی افسران کو ہدایت دی۔ سرکاری بیان کے مطابق کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن اویس احمد نے آج میونسپل وارڈوں کی اہم حد بندی کے عمل میں تیز اور فیصلہ کن کارروائی کرنے پر زور دیا۔اس سلسلے میںیہاں کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ بلائی گئی جس کو میونسپل وارڈوں کی حد بندی کے لیے تجویز کا مسودہ تیار کرنے کا کام سونپا گیا، جس کا بنیادی مقصد شہر کے لیے ایک منصفانہ اور نمائندہ طرز حکمرانی کو یقینی بنانا تھا۔میٹنگ کے دوران کمشنر ایس ایم سی نے بلدیاتی سطح پر مساوی نمائندگی کے قیام میں حد بندی کے عمل کی بنیادی اہمیت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کمیٹی پر زور دیا کہ وہ پورے عمل میں شفافیت، انصاف پسندی اور عوامی شرکت کو ترجیح دے، جبکہ حتمی حد بندی کی درستگی کو یقینی بنانے کے لیے قانونی ہدایات اور ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کرے۔اپنے دفتر میں باقاعدگی سے اپ ڈیٹس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کمشنر ایس ایم سی نے موثر پیش رفت کی نگرانی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔میٹنگ مقررہ مدت کے اندر حد بندی کے عمل کے مقاصد کو حاصل کرنے کے اجتماعی عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔