ریاسی میں ٹریکٹر الٹ گیا تین افراد ازجان، راجوری میں ایک نوجوان نے کی خود کشی
سرینگر/10دسمبر///اننت ناگ میں جے کے ایس ایس بی امتحان کی نگرانی کے دوران دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے وہ فوت ہوا۔ ادھر ریاسی میں مٹی نکالنے کے دوران ٹریکٹر کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں تین افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ راجوری میں ایک نوجوان نے خودکشی کرکے اپنی زندگی کا کام تمام کیا۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ایک سرکاری ٹیچر کو السروت کانونٹ سینئر سیکنڈ میں JKSSB امتحان کی نگرانی کے دوران ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑا۔ ذرائع نے بتایاکہ سکول ٹیچر بطور نگراں اپنی ذمہ داریاں نبھارہا تھا جس دوران اس نے سینے میں سخت درد کی شکایت کی اور اسی کے ساتھ وہ زمین پر نیم بے ہوشی کی حالت میں گر پڑا ۔ اسے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) لے جایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی پوری کوشش کی تاہم وہ اس میں ناکام رہے اور سکول ٹیچر کی موت واقع ہوئی ۔ادھر ریاسی ضلع کے مہورے میں ہفتہ کی شام مٹی کھودنے والی مشین (جے سی پی) الٹ کر کھائی میں گرنے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ چسانہ میں سنگری نالہ میں مٹی کی کھدائی کرنے والی مشین الٹ گئی اور کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔انہوںنے ان تینوں کی شناخت کالاکوٹ راجوری کے نتیش کمار عمر(23)سال، راجندر کمار (27) سال ،ساکنہ پٹنی ٹاپ ادھم پور اور ہشایر سنگھ ساکنہ بالما کوٹ ریاسی کے طور پر کی۔اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ڈی ایم مہور سید مظہر علی شاہ نے بتایا کہ تینوں کی موت حادثے میں ہوئی ہے اور اس ضمن میں رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔ دریں اثناءراجوری ضلع کے راج نگر بدھل علاقے میں اتوار کو ایک 22 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے راج نگر بدھل علاقے میں ایک 22 سالہ لڑکے نے اپنی رہائش گاہ پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ان کا کہنا تھا کہ اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔دریں اثناءپولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔