مہلوکین کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا /پولیس
جنوبی ضلع اننت ناگ کے ٹینگہ پاوا گاوں میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ پولیس ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب کوکر ناگ کے ٹینگہ پاواگاوں کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے میں محصور مقامی ملی ٹینٹوں کو خود سپردگی کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا تاہم انہوں نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو نوں ملی ٹینٹ مارے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ دونوں ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کرکے اُن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ کوکر ناگ کے ٹینگہ پاوا گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہاکہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے فورسز پراندھا دھند فائرنگ شروع کی تاہم سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کیں۔