اسلام آباد: یکم اپریل (ایجنسیز) پاکستان کی سرکاری چینل پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی جانب سے گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ لاہور کی ’مناسب‘ کوریج نہ کیے جانے پر 17 ملازمین کو معطل کردیا گیا۔ قابل حیرت بات یہ ہے کہ نشریات کی ناکامی فائل ٹرانسفر پروٹوکول (ایف ٹی پی) کے ذریعے ویڈیو فوٹیج اپ لوڈ کرنے کیلئے درکار جدید لیپ ٹاپ کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہوئی۔ دوسری جانب معطل کیے گئے ملازمین نے دعویٰ کیا کہ انہیں سابق حکومت کی جانب سے تقرر کردہ انتظامیہ کے بڑے بڑے لوگوں کو بچانے کیلئے قربانی کا بکرا بنایا تھا۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 24 اپریل کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل اور رمضان بازاروں کا دورہ کیا تھا تاہم پی ٹی وی کی ٹیم پیشگی اطلاع کے باوجود مناسب طریقے سے کام کرنےوالے لیپ ٹاپ کی عدم دستیابی کی وجہ سے موقع پر پیش آنے والے واقعات کی کوریج کرنے میں ناکام رہی تھی۔