باجوڑ/ایک روز قبل باجوڑ میں ہونے والے المناک خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 46 تک پہنچ گئی ہے جبکہپولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف بم دھماکے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی۔ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دھماکہ شام 4.10 بجے ہوا تھا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس (ڈی ایچ او) ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ زخمیوں میں سے تین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین کے لواحقین شناخت کے بعد لاشیں اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ "8 لاشوں کو شناخت کے لیے ہسپتال میں رکھا گیا ہے کیونکہ وہ ناقابل شناخت ہیں۔کور کمانڈر اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) باجوڑ نے پیر کو پشاور پہنچ کر ہسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور دھماکے کی جگہ کا بھی دورہ کیا۔دونوں سینئر حکام کو دھماکے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم پاک فوج باجوڑ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔آئی جی ایف سی نے کہا کہ "دہشت گردی ایک لعنت ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ایک روز قبل، ایک خودکش حملہ آور نے خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام-فضل (جے یو آئی-ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکا خیز مواد اڑا دیا۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق دھماکا تحصیل خار میں دبئی مارکیٹ میں شامیانے کے نیچے منعقد ہونے والے کنونشن کے دوران ہوا۔ دھماکا جے یو آئی (ف) کے ضلعی امیر مولانا عبدالرشید کے سٹیج پر پہنچتے ہی ہوا۔کے پی پولیس کے انسپکٹر جنرل اختر حیات خان گنڈا پور نے بتایا کہ حملہ آور کنونشن کی اگلی قطاروں میں بیٹھے شرکاء میں شامل تھا۔ عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک گونج اٹھی۔جاں بحق ہونے والوں میں جے یو آئی (ف) کے تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان، تحصیل ناوگئی کے جنرل سیکرٹری مولانا حمید اللہ، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری مجاہد خان اور درجنوں پارٹی کارکنان شامل ہیں۔جے یو آئی-ایف کے سینئر رہنما حافظ حمد اللہ نے کنونشن میں شرکت کرنا تھی، لیکن انہوں نے اپنی دیگر مصروفیات کی وجہ سے اپنے سفری منصوبے میں تبدیلی کی، پارٹی ذرائع نے مزید کہا کہ وہ کنونشن میں موجود نہیں تھے۔