سیول(یو این آئی) جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے پیر کو حکومت سے کہا کہ وہ ملک میں کتوں کے گوشت کے استعمال پر باضابطہ پابندی پر غور کرے ۔صدر کے دفتر چیونگ وا ڈے کے ترجمان پارک کیونگ مئی نے کہا کہ مسٹر مون نے ہفتہ وار پالیسی مشاورتی اجلاس کے دوران وزیر اعظم کم بو کیم سے پوچھا کہ "کیا اب وقت نہیں آیا کہ کتے کے گوشت کے استعمال پر پابندی لگانے پر غور کریں؟”یونہاپ نیوز ایجنسی نے مسٹر پارک کے حوالے سے بتایا کہ صدر نے یہ سوال وزیراعظم کو لاوارث پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے پوچھا۔ ترجمان نے ایک مختصر پریس بیان میں مسٹر مون کے ریمارکس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔جنوبی کوریا میں زیادہ تر لوگ کتوں کو اپنے گھروں میں رکھتے ہیں اور انہیں خاندان کے افراد کی طرح رکھتے ہیں لیکن اب بھی کتوں کے بہت سے فارم چل رہے ہیں جہاں کچھ کتوں کی نسلیں گوشت کے لیے پالے جاتے ہیں۔مسٹر مون اپنے پالتو کتوں سے محبت کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان میں سے بہت سے صدارتی احاطے میں ان کے ساتھ رہتے ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں پہلے سے ہی جانوروں کے تحفظ کا قانون موجود ہے جس کا مقصد بنیادی طور پر کتوں اور بلیوں کو ظالمانہ طریقے سے مارے جانے کو روکنا ہے ، پھر بھی گوشت کے لیے بڑی تعداد میں کتوں کو ماراجاتا ہے ۔