ڈوڈوما: ۶ نومبر (ایجنسیز) تنزانیہ کی وکٹوریہ جھیل میں اتوار کو پریسئسن ائیرلائنز کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جب بوکوبا کے ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ تنزانیہ کی سرکاری نیوز ایجنسی ٹی بی سی نے اطلاع دی ہے کہ اب تک 15 افراد کو بچا لیا گیا ہے لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پریسئسن ایئر کے طیارے میں کتنے مسافر سوار تھے اور کتنا جانی نقصان ہوا ہے۔ تنزانیہ براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ مسافر طیارہ دارالحکومت دارالسلام سے روانہ ہوا تھا لیکن آج صبح طوفان اور شدید بارشوں کی وجہ سے وکٹوریہ جھیل میں گر گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج اور تصاویر میں طیارہ تقریباً مکمل طور پر ڈوبا ہوا دکھایا گیا، طیارے کا کچھ پچھلا حصہ اور ٹیل پانی کی لکیر کے اوپر دکھائی دے رہی تھی۔ سرکاری نیوز ایجنسی نے مزید کہا کہ امدادی کشتیاں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں اور ہنگامی طور پر رضاکار جہاز میں پھنسے دیگر مسافروں کو بچانے کے لیےکوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔