نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی) قومی راجدھانی میں ہوا کا معیار ہفتہ کے روز لگاتار تیسرے دن بھی ‘انتہائی خراب’ زمرے میں رہا، جس کی وجہ سے روزمرہ کا کام کاج متاثر ہوا اور آج صبح 10 بجے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 464 ریکارڈ کیا گیا ہے ۔سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ نے بتایا کہ ہوا کی رفتار 8 سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے سے ہوا کے معیار میں بہتری ہوسکتی ہے ۔ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق، قومی راجدھانی (این سی آر) میں پی ایم 2.5 کی سطح 237 تک پہنچ گئی، جب کہ دہلی میں پی ایم 10 کی سطح ‘انتہائی خراب’ کیٹیگری میں 397 ریکارڈ کی گئی۔ویدر سینٹر ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق، پرالی جلانے کے واقعات کی وجہ سے ہفتہ کے روز دہلی میں پی ایم 2.5 آلودگی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔قومی راجدھانی کے علاقے میں ہوا کا معیار خراب زمرے میں رہا، نوئیڈا (یو پی) اور گڑگا¶ں (ہریانہ) میں بالترتیب اے کیو آئی 529 اور 478 درج کیے گئے ، اور دونوں ہی انتہائی ‘شدید’ زمرے میں ہیں۔دہلی حکومت نے جمعہ کے روز ہوا کے معیار کی شدید سطح کو دیکھتے ہوئے ہفتہ کے روز سے اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔حکومت نے اپنے 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ نجی دفاتر کو اس پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن نے دہلی-این سی آر میں بگڑتے ہوئے ہوا کے معیار کے پیش نظر گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان کے مرحلہ IV کے تحت اقدامات کو نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اسکیم کے تحت غیر بی ایس VI ڈیزل سے چلنے والی لائٹ موٹر گاڑیوں پر پابندی ہوگی۔ اس کے تحت ضروری اشیاءلے جانے والے یا ضروری خدمات فراہم کرنے والے ڈیزل ٹرکوں کو بھی دہلی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔