نئی دہلی ۷۱/اگست (یو این آئی) ٹیلی کام کی بڑی کمپنی بھارتی ایئرٹیل نے ملک میں جلد از جلد 5 جی خدمات شروع کرنے کے اپنے ہدف کی طرف بڑھتے ہوئے حال ہی میں ختم ہونے والی نیلامی میں خریدے گئے 5 جی اسپیکٹرم کے لیے ڈی او ٹی کو 8312.4 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔آج یہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ اس نے یہ رقم محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کو دی ہے ۔ اس نے چار سال کے لئے اپ فرنٹ ادائیگی کی ہے ۔حکومت کی جانب سے نیلامی کے لیے رکھے گئے 72,098 میگا ہرٹز اسپیکٹرم میں سے 51236 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی ہوئی تھی۔ اس کی وجہ سے حکومت کو کل ملاکر 150173 کروڑ روپے ملے ہیں۔ اس میں سے ایرٹیل نے 19867.8 میگا ہرٹز اسپیکٹرم 43048 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ کمپنی نے 900، 1800، 2100 اور 3300 میگا ہرٹز کے ساتھ ساتھ 26 گیگا ہرٹز بینڈ میں اسپیکٹرم خریدا ہے ۔اس ادائیگی پر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او گوپال وٹل نے کہا کہ چار سال کی اپ فرنٹ ادائیگی ان کی کمپنی کو 5G خدمات شروع کرنے میں سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرٹیل رائٹس ایشو کے ذریعہ 15740 کروڑ روپے سے زیادہ اکٹھا کرنے کی تیاری کر رہا ہے ۔