نئی دہلی،7 فروری (یو این آئی) لوک سبھا میں آج سروں کی ملکہ لتا منگیشکر کو خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اعزاز میں ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کی گئی۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اراکین کو معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال کے بارے میں مطلع کرتے ہوئے کہا کہ لتا منگیشکر کا انتقال اتوار کو ممبئی میں ہوا ۔ انہوں نے لوک سبھا کے دو سابق ارکان کی موت کے بارے میں مطلع کیا۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ پدم وبھوشن اور بھارت رتن ایوارڈ یافتہ لتا منگیشکر کی پیدائش 1929 میں ہوئی تھی ۔ ان کے والد دیناناتھ منگیشکر خود بھی موسیقی کے بڑے عالم تھے ۔ لتا منگیشکر کو فلمی دنیا کے تمام باوقار اعزازات سے نوازا گیا ہے ۔ ان کا انتقال 06 فروری کو ہوا۔مسٹربرلا نے سماجی کاموں کے لئے لتا منگیشکر کے تعاون کا ذکر کیا اور ان کے اعزاز میں ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کے لیے 5 بجے تک ملتوی کر دی۔