جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو وادی میں ایک بار پھر موسم نے اچانک کروٹ بدلی جس کے ساتھ ہی تازہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ ادھر بارشوں کے بیچ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو کافی نقصان ہو گیا ۔سرینگر میں ہلکی بارشیںہوئی جبکہ شہر سرینگر سمیت وادی کے شمال وجنوب میں تازہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں کمی درج ہوئی ۔ ادھر پونچھ میں موسمی قہر کے چلتے آسمانی بجلی گر نے سے ایک شہری کی موت ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں تازہ بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں ہوئی تازہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت میںکمی ریکارڈ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں 13.2، پہلگام میں 8 اور گلمرگ میں 6.4 ڈگری سیلسیس کم از کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے علاقے میں دراس میں رات کا سب سے کم درجہ حرارت 5.1، لیہہ 5.6 اور کرگل میں 7.6 ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہا وہیں جمعہ کو بارش اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ نے کہا کہ آج کشمیر کے کئی مقامات پر اور جموں کے متعدد مقامات خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں بارش/گرج چمک کی توقع ہے۔اگلے کچھ دنوں تک یہی موسمی صورتحال ایک جیسی رہنے کا امکان ہے۔ 21سے 24 مئی کے دوران جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے بارش/گرج چمک کا امکان ہے۔ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ دوپہر کے بعد پلوامہ کے کئی علاقوں میں قریب 10منٹ تک شدید ژالہ باری ہوئی جس کے بعد شدید بارشیں ہوئی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کاشت کاروں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔۔ خیال رہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے خراب موسمی صورتحال بدستور جاری ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بعد دوپہر وادی کے مختلف علاقوں سے ژالہ باری ہونے کی اطلاعات موصول ہو ئی ہے ۔ ۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔ دریں اثنا تیز بارشوں کے باجود بھی منگل کوگرمی کی شدت برقرار رہی جبکہ زیادہ تر نمی کی صورتحال رہی۔ادھر پونچھ کے ایک گاوں میں جمعے کی صبح آسمانی بجلی گرنے سے ایک 34 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے تحصیل منڈی کے سٹیلا سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان اپنے گھر میں موبائل چارج لگا رہا تھا کہ آسمانی بجلی گرنے سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اس کی شناخت ارشاد احمد ولد جلال الدین کے بطور ہوئی ہے۔ اسی دوران سرینگر لداخ شاہراہ پر آج کئی جگہوں میں پسیاں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ پسیاں گرنے کے سبب شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت بند کر دی گئی ہے۔ وہیں بیکن کے اہلکار شاہراہ کو صاف کرنے میں مصرف ہیں۔ ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق کیپٹن موڈ کے پاس مٹی کے تودے گر آنے سے کچھ دیر تک ٹریفک کو روک دیا گیا تھا اور بیکن کے اہلکار راستے کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔