اینٹی بلڈوزر بل مسترد کرنے کے نتائج آج عوام بھگت رہے ہیں۔محبوبہ مفتی کا الزام
سرینگر/28نومبر/وی او آئی//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں میں صحافی کے گھر کو مسمار کیے جانے پر نیشنل کانفرنس (این سی) حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری آج اس فیصلے کے "سخت نتائج” بھگت رہی ہے جس کے تحت اسمبلی میں پی ڈی پی کااینٹی بلڈوزر بل مسترد کر دیا گیا تھا۔محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کہاکہ این سی حکومت نے ان رہائشیوں کو زمین پر قبضہ کرنے والا قرار دے کر بل کو مسترد کیا۔ آج اس فیصلے کے ظالمانہ نتائج سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اتر پردیش یا دیگر ریاستوں جیسا نہیں ہے جہاں اقلیتوں کو نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے، بلکہ یہ جموں و کشمیر ہے جہاں صحافی عرفاز احمد کا 40 سال پرانا گھر چند لمحوں میں ملبے میں بدل دیا گیا۔ جمعرات کو جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے انسدادِ تجاوزات مہم چلائی گئی جس میں ٹرانسپورٹ نگر علاقے میں غیر قانونی ڈھانچوں کو بلڈوزر سے منہدم کیا گیا۔ انہدامی کارروائی میں صحافی عرفاز احمد کا مکان بھی شامل تھا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے فیصلے عوامی زندگی پر براہِ راست اثر ڈال رہے ہیں اور اقلیتوں کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔













