سرینگر//امیراکدل سرینگر میں واقع ایک ہوٹل کے کمرے میں سرحدی ضلع کپوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک پولیس اہلکار کی لاش ملی جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس نے مہلوک اہلکار کی لاش تحویل میں لیکر معاملے کی چھان بین شروع کردی۔ وائس آف انڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ جمعہ کی سہ پہر سری نگر میں ایک ہوٹل کے کمرے میں ایک پولیس اہلکار پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔متوفی کی شناخت کانسٹیبل محمد اقبال لون ولد عبدالرحمان لون ساکن کپواڑہ کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بارہمولہ میں تعینات تھا اور جمعرات کی رات کورٹ روڈ امیراکدل میں واقع ہینا ہوٹل میں کمرہ نمبر 107 میں مقیم تھا۔ہوٹل کے عملے کے مطابق، جب لون تقریباً بارہ بجکر50منٹ تک بیدار نہیں ہوا تو وہ اس کے کمرے کا جائزہ لینے گئے اور انہیں بے ہوش پڑا پایا۔ پولیس کو فوری طور پر اطلاع دی گئی اور بعد میں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور طبی قانونی کارروائی کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔













