ہلکی گاڑیوں کو آزمائشی بنیادوں پر چلنے کی اجازت
دن پھرہلکی بشمول مسافر گاڑیوں کی آواجاہی بغیر کسی رکاﺅٹ کے جاری
مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت کی بحالی کا فیصلہ بعد ہی کیا جائے گا:حکام
سری نگر:۰۱، ستمبر/ : 8 روز کے طویل تعطل کے بعد سرینگر جموں قومی شاہراہ کو بدھ کے روز چھوٹی اورمسافرگاڑیوںکی آمد و رفت کیلئے جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔ تھارد ادھم پور میں بڑے لینڈ سلائیڈ کے باعث یہ شاہراہ گذشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے مسلسل بند رہی تھی، جس کی وجہ سے ہزاروں مسافر اورسینکڑوں گاڑیاں مختلف مقامات پر درماندہ ہو کررہ گئی تھیں۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایاکہ بدھ کی صبح 9 بجکر20 منٹ پر ہلکی گاڑیوں کو آزمائشی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی گئی اور خوش قسمتی سے اب(دوپہر) تک کوئی رکاوٹ یا حادثہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مال بردار اور بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کو تاحال معطل رکھا گیا ہے اور اس بارے میں فیصلہ بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔حکام نے بتایاکہ جموں سری نگر قومی شاہراہ کو ہلکی موٹر گاڑیوں بشمول مسافر گاڑیوں کےلئے جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے، جو ادھم پور ضلع کے تھارد میں بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے مسلسل8 دن اور26اگست کو بھاری بارش کے بعدمجموعی طورپر2ہفتے سے زیادہ عرصے تک بند رہی۔انہوںنے واضح کیاکہ ہلکی موٹر گاڑیوں بشمول مسافرگاڑیوںکو صبح 9 بجکر20 منٹ بجے سے چلنے کی اجازت دی گئی تھی، جب کہ سڑک مکمل طور پر بحال ہونے تک بھاری ٹریفک کی نقل و حرکت معطل رہے گی ۔جموں و کشمیر کی لائف لائن سمجھی جانے والی اسٹریٹجک ہائی وے کو بارشوں کی وجہ سے مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا، جس سے وادی کو سپلائی منقطع ہو گئی تھی۔ بحالی کا کام جاری ہے، لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ صاف کرنے اور پہاڑی ڈھلوان کو مستحکم کرنے میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔حکام نے مزید کہا کہ سڑک کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور سڑک پر سفر کرتے وقت محتاط رہیں۔ادھر انتظامیہ نے جانوروں سے لدے چھ پہیہ ٹرکوں کو جکھانی، ادھم پور سے سرینگر کی جانب روانگی کی اجازت دے دی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں ضروری رسد پہنچائی جا سکے۔محکمہ ٹریفک کے عہدیداروں نے کہا کہ متاثرہ حصے میں ملبہ ہٹانے اور ڈھلوان کو مستحکم بنانے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے تاکہ جلد از جلد شاہراہ کو مکمل طور پر آمد و رفت کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف سرکاری ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے ہی شاہراہ کا استعمال کریں۔













