سری نگر/08 ستمبر 2025ئ
جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے یکجہتی اور ہمدردی کے جذبے کے تحت آج چیف منسٹر ریلیف فنڈ( سی ایم آر ایف) میں 54,40,500 روپے کا چیک پیش کیاتاکہ حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ اَفراد کی بحالی اور فلاح و بہبود میں مدد دی جاسکے۔
عدلیہ نے یہ اعلیٰ اَقدام اُن اَفراد کی مدد کے لئے اُٹھایا ہے جو حالیہ سیلاب کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں۔
یہ چیک وزیر اعلیٰ کو باقاعدہ طور پر پیش کیا گیا اور اِس موقعہ پر یقین دہانی کی گئی کہ اگر چہ یہ عطیہ معمولی ہے تاہم یہ پوری عدالتی کمیونٹی کی دِلی حمایت کا مظہر ہے۔ عدالت نے اِس بات پر زور دیا کہ اِجتماعی اقدامات سے ہی متاثرہ علاقوں میں زِندگی کو دوبارہ معمول پر لایا جا سکتا ہے۔
یہ عطیہ عوامی فلاح و بہبود کے عظیم مقصد کے لئے اِدارے کی فکر اور عزم کی علامت ہے۔ سیلاب نے جہاں کئی کنبوں کو بے گھر کیا، وہیں املاک اور روزگار کو بھی شدید نقصان پہنچایاجس سے یونین ٹیریٹری کا سماجی و اِقتصادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہواہے۔ ہائی کورٹ نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرہ کنبوں سے ہمدردی کا اِظہار کیا ہے اور یقین دِلایاہے کہ اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
جموں و کشمیر اور لداخ کی عدلیہ کا یہ جذبہ نہ صرف ہمدردی کا اِظہار ہے بلکہ اس بات کو بھی اُجاگر کرتا ہے کہ آزمائش کے وقت میں اتحاد اور اِجتماعی ذمہ داری کے ذریعے سب سے بڑے چیلنجوں پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے.














