سرینگر۔ 22؍اگست۔ وزیرِ مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل محترمہ رکشا نکھل کھڈسے نے آج جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا، جس میں کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول 2025 کے افتتاح اور اہم کھیلوں کے ایونٹس کے جائزے پر خاص توجہ دی گئی۔ ان کے اس دورے نے حکومت کے اس عزم کو اجاگر کیا کہ کھیلو بھارت نیتی 2025 کے تحت ایک مضبوط کھیلوں کا نظام تیار کیا جائے، جو مقامی سطح پر نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کر کے نکھارے اور اعلیٰ کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کے لیے تیار کرے۔اپنے دورے کے پہلے دن، محترمہ کھڈسے نے سرینگر کی مشہور ڈل جھیل پر کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول 2025 کا افتتاح کیا۔ یہ ایونٹ 23 اگست تک جاری رہے گا، جس میں روئنگ، کینوئنگ اور کائیکنگ کے مقابلے ہوں گے۔اس کے علاوہ، انہوں نے کشمیر یونیورسٹی سرینگر میں گراس روٹس ٹیلنٹ آئیڈنٹیفکیشن کیمپ کی خود نگرانی کی۔ یہ دو روزہ کیمپ ایتھلیٹکس اور والی بال میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی تلاش پر مرکوز رہا۔ اس موقع پر پلوامہ، بڈگام اور گاندربل سمیت مختلف اضلاع کے 150 سے زائد لڑکے اور لڑکیاں شریک ہوئے۔ماہرین کی ایک ٹیم نے کھلاڑیوں کی بنیادی جسمانی اور ایتھلیٹک صلاحیتوں کو پرکھنے کے لیے جامع ٹیسٹ لیے، جن میں 20 اور 30 میٹر کی دوڑ، اسٹینڈنگ ورٹیکل جمپ، میڈیسن بال تھرو اور کوپر ٹیسٹ شامل تھے۔ محترمہ کھڈسے نے نوجوان کھلاڑیوں سے براہِ راست ملاقات کی اور انہیں حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ ابتدائی مرحلے میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (SAI) کی نمایاں اسکیموں جیسے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس اور SAI ٹریننگ سینٹرز میں شامل کیا جائے گا۔اپنے خطاب میں محترمہ کھڈسے نے کہا کہکشمیر میں جو ٹیلنٹ ہم دیکھ رہے ہیں وہ بے حد شاندار ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہر نوجوان کھلاڑی کے لیے ایک واضح راستہ ہو جو مقامی سطح سے لے کر عالمی اسٹیج تک پہنچے۔ ہم صرف کھیلوں کا انفراسٹرکچر نہیں بنا رہے، ہم بھارت کے لیے چیمپئنز کی ایک نئی نسل تیار کر رہے ہیں۔