گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کی تعمیر کیلئے نشاندہی کی گئی جگہ کا معائینہ کیا
ہندواڑہ/14 اگست 2025ئ
وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے آج نت نوسہ ہندواڑہ کا دورہ کیا اور گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندواڑہ کی تعمیر کے لئے نشاندہی کی گئی جگہ کا معائینہ کیا۔
وزیر سکینہ اِیتو کے ہمراہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی ترہگام میر سیف اللہ،ممبر اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال، ممبر قانون ساز اسمبلی لنگیٹ شیخ خورشید، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ،اے ڈی ڈی سی کپواڑہ، چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل، چیف اِنجینئر جل شکتی، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی، پرنسپل جی ایم سی ہندواڑہ، اے ڈی سی ہندواڑہ، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈِسٹرکٹ ہسپتال اور دیگر ضلعی و سیکٹورل اَفسران بھی تھے۔
دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے سائٹ کی رسائی، زمین کی سطح اور بڑے پیمانے پر طبی انفراسٹرکچر کے لئے موزوں ہونے کا جائزہ لینے کے لئے زمینی معائینہ کیا۔
اِس موقعہ پر وزیر صحت و طبی تعلیم نے مختلف افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندواڑہ میں جی ایم سی کا قیام علاقے کے صحت منظرنامے میں ایک تبدیلی لائے گا۔ اُنہوں نے کہا ،” ہندواڑہ میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج نہ صرف ہمارے لوگوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ طبی تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ منتخب کردہ جگہ مریضوں کی رسائی، طبی لاجسٹکس اور مستقبل میں توسیع کے لحاظ سے مثالی ہو۔“
اُنہوں نے مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی تاکہ ان کی رائے لی جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ منصوبہ مقامی کمیونٹی کی ضروریات کے مطابق ہو۔
اِس موقعہ پر موجود اَفسران نے وزیر موصوفہ کو اِبتدائی سروے اور پروجیکٹ کے لئے درکار قانونی تقاضوں کے بارے میں جانکاری دی۔
بعدمیں وزیر سکینہ اِیتو نے کپواڑہ میں ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ بھی منعقد کی تاکہ نت نوسہ میں نئی شناخت شدہ جگہ پر جی ایم سی ہندواڑہ کی بروقت تعمیر کی ضروریات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی ترہگام میر سیف اللہ، ممبر قانون ساز اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال،ممبر اسمبلی کپواڑہ میر محمد فیاض،رُکن اسمبلی لولاب قیصر جمشید لون،ممبر اسمبلی لنگیٹ شیخ خورشید، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ،ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ شرک کانٹ بالا صاحب سوسے ، چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل، چیف اِنجینئر جل شکتی، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی، پرنسپل جی ایم سی ہندواڑہ اور دیگر ضلعی اَفسران بھی موجود تھے۔













