وزیر اعظم نریندر مودی کی دین دیال پورٹ اتھارٹی کو مبارک باد
نیٹ-زیرو اہداف کے لیے گرین ہائیڈروجن پلانٹ کا آغاز، پائیدار ہندوستان کی جانب اہم قدم
نئی دہلی (اے ٹی پی):وزیر اعظم نریندر مودی نے دین دیال پورٹ اتھارٹی کنڈلا کی جانب سے پائیداری کے فروغ کے لیے حالیہ اقدام کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹویٹر) پر بھرپور تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ "قابلِ تعریف کوشش ہے جو پائیداری کو فروغ دینے اور ہمارے نیٹ۔زیرو ویژن کو تقویت دینے میں معاون ہے۔”اے ٹی پی کو ملے رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے دین دیال پورٹ اتھارٹی، کنڈلا کے ایک نئے پائیدار اقدام کی تعریف کی ہے، جس میں ہندوستان کے نیٹ-زیرو اہداف کو آگے بڑھانے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔وزیر اعظم کے یہ ریمارکس ایکس پر دین دیال پورٹ اتھارٹی کی ایک پوسٹ کے جواب میں سامنے آئے ہیں، جہاں انہوں نے کہا، "یہ ایک قابل تعریف کوشش ہے، جو پائیداری کو فروغ دینے اور ہمارے نیٹ۔زیرو ویژن کو تقویت دینے میں معاون ہے”۔یہ تعریف اس وقت سامنے آئی جب دین دیال پورٹ اتھارٹی نے حال ہی میں ایک پورٹ پر ہندوستان کا پہلا ’’میک اِن انڈیا‘‘1 میگاواٹ کا گرین ہائیڈروجن پلانٹ شروع کیا۔ یہ پروجیکٹ ایک بڑے 10 میگاواٹ کے گرین ہائیڈروجن پلانٹ کا حصہ ہے جس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نے مئی 2025 میں رکھا تھا۔ یہ اقدام پورٹ کی کارروائیوں کے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے اور ہندوستان کے نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ پلانٹ، جو مکمل طور پر ہندوستانی انجینئرز نے بنایا ہے، سالانہ تقریباً 140 میٹرک ٹن گرین ہائیڈروجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔













