افسران کے ہمراہ امرناتھ یاترا کےلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
سرینگر/ جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نلن پربھات نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سینٹرل کشمیر رینج اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ امرناتھ یاترا کے بالتل راستے پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔یہ دورہ یاترا کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور یاتریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کے تحت کیا گیا۔ افسران کی ٹیم نے بالتل، شادی پورہ اور مانگام یاترا کیمپوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے یاتریوں کے لیے قائم سہولیات، رہائش، طبی امداد اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔پولیس افسران نے موقع پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کی اور ان کے فرائض سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ڈی جی پی نلن نے افسران پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور یاتریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں۔یاترا کے دوران لاکھوں کی تعداد میں یاتری ہر سال گپھا تک پہنچتے ہیں، جس کے پیش نظر سکیورٹی اور بنیادی سہولیات کا موثر بندوبست ناگزیر تصور کیا جا رہا ہے۔













