بالائی علاقوں میں برفباری اور بارشیں ہوسکتی ہیں
سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 4.3،پہلگام میں منفی 6.6اور گلمرگ میں منفی 5ڈگری سیلشس ریکارڈ
سی این آئی / یو این آئی
سرینگر/دن بھر کھلی دھوپ نکلنے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہترج ہوئی ہے ۔ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی 4.3،پہلگام میں منفی 6.6اور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ وادی کشمیر میں آنے والے کچھ دنوں تک محکمہ موسمیات نے برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں کچھ ایک مقامات پر بارش جبکہ اس کے بعد مزید دو دنوں تک وسیع پیمانے پر بارش اور برفباری کا مکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29جنوری کو عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ کافی ہلکی سے درمیانی بارش اور کئی مقامات پر برف باری کی توقع ہے۔اس کے بعد 30اور 31جنوری کو ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ یکم سے تین فروری تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔موسمیات کے ماہر نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ نظام کی وجہ سے بالخصوص 31جنوری کے دوران اونچی اور اہم گزرگاہوں جیسے سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا، رازدان پاس، زوجیلا وغیرہ کی سڑکیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات سے شروع ہونے والے مغربی ہوائیوں کا ایک سلسلہ جموں و کشمیر پر اثر انداز ہونے کی توقع ہے، ممکنہ طور پر اگلے چھ دنوں تک خطے کے کافی وسیع علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔ دریں اثنا، وادی کشمیر میں رات کی سردی برقرار رہی، حالانکہ اس میں معمولی بہتری آئی ہے کیونکہ سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی4.3ڈگری سیلشس درج کیا گیا جو گزشتہ رات کو منفی 5.5ڈگری سیلشس درج ہوا تھا ۔ اسی طرح سے محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کے دوران ریکارڈ کیا گیا کم از کم درجہ حرارت مزید چند درجے گر گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی منفی 6.6اور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ اسی طرح سے محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.1، کوکرناگ میں منفی 1.6اور کپواڑہ میں کم سے کم منفی 1.4ڈگری سیلشس درج ہوا ہے ۔












