دہلی اور اُترپردیش سے2 منشیات سپلائر گرفتار
معاملے کی باریک بینی تحقیقات جاری ،مزید گرفتاریوں اور ضبطیوں کا امکان
سری نگر/ سری نگرپولیس نے منشیات اورنشہ آورادویات اسمگلنگ کے بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 2اہم سپلائروں کو اُترپردیش اور نئی دہلی سے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے پہلے اس نیٹ ورک میں شامل تین اسمگلروں کو گزشتہ ماہ گرفتار کیاگیاتھا۔معاملے کی تحقیقات جاری ہے اوراس سلسلے میں مزید گرفتاریوں اور ضبطیوں کا امکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر پولیس نے نشہ آورادویات کے2کلیدی سپلائروں کو اُتر پردیش اور دہلی سے گرفتار کرتے ہوئے بین ریاستی منشیات کی سمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کو ختم کر دیا ہے۔پولیس ترجمان نے جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ سری نگر پولیس نے سیکشن 8/22-29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس ایف آئی آر نمبر 136/2024کی تحقیقات کرتے ہوئے بین ریاستی منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورکا پتہ لگالیا۔ تحقیقات کے شواہد بشمول بینک ٹرانزیکشنز اور مواصلاتی ریکارڈ کی بنیاد پر2 اہم منشیات سپلائروںبریلی اتر پردیش کے رہنے والے راجو گپتا اور بھجن پورہ دہلی کے محمد ابرار کی شناخت مقامی منشیات فروشوں کو منشیات کے بڑے ذرائع کے طور پر کی گئی تھی۔پولیس چوکی نورباغ کے ایس آئی امندیپ سنگھ کی قیادت میں سری نگر پولیس کی ایک ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے10 دنوں کے دوران اتر پردیش اور دہلی میں وسیع آپریشن کیا۔بریلی اتر پردیش کے راجو گپتا کو 23جنوری2025 کو بریلی میں گرفتار کیا گیا اور بھجن پورہ دہلی کےمحمد ابرار کو 24جنوری2025 کو بھجن پورہ سے گرفتار کیا گیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا گیا، اوراُن کی ٹرانزٹ ریمانڈیعنی راہداری ریمانڈ حاصل کیا گیا اور اب وہ پولیس کی تحویل میں ہیں۔مزید برآں، لونی غازی آباد کے ایک ملزم سے منسلک ایک مشتبہ کورئیر پارسل کی شناخت کی گئی ہے اور عدالت کی منظوری سے اسے بازیافت کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ممکنہ قرقی کے لیے ملزم کے مالی لین دین اور جائیدادوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔پولیس کے بیان میں مزید لکھا گیا ہے، یہ معاملہ8نومبر2024 کو سرینگر کے تاربل چوک پر معمول کی پولیس ناکہ چیکنگ کے دوران شروع ہوا۔ ایک موٹر سائیکل کو روکا گیا، جس کے نتیجے میں 3 منشیات فروشوں اعجاز احمد گنائی (اتھواجن پانتھا چوک)، اویس احمد گوجری (براری پورہ) اور میر رومان (عالی مسجد عیدگاہ) کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کوڈین فاسفیٹ کی 140 بوتلیں38,530روپے منشیات کی مشتبہ رقم، 3 موبائل فون، اور ایک ڈرون کیمرہ ضبط کیا جو مبینہ طور پر منشیات کے خریداروں کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔پولیس کے مطابق اس معاملے کی تفتیش کے دوران سامنے آنے والے تعلق نے پولیس کو دہلی اور یوپی کے مذکورہ2 منشیات فروشوں تک پہنچایا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سری نگر پولیس منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور معاشرے کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہے اور منشیات کی فروخت میں ملوث ہر فرد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے آخری منزل طے کرے گی، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں اور ضبطیاں متوقع ہیں۔یہ پیش رفت منشیات کی لعنت سے نمٹنے میں محکمہ پولیس کے عزم کو واضح کرتی ہے۔













