سری نگر /13جنوری2025ئ
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،” سونہ مرگ ٹنل کے اِفتتاح کے ساتھ ہی جموںوکشمیر کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے ۔میں وزیر اعظم نریندر مودی جی کا شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے جموں وکشمیر یوٹی کے لوگوں کے خوابوں اور اُمنگوں کو پورا کیا اور ایک ایسا ماحول بنایا ہے جو عام آدمی کوپروان چڑھنے اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنا رہا ہے۔“
اُنہوں نے کہا کہ سونہ مرگ ٹنل جموں و کشمیر کے لئے”بھاگیہ ریکھا“ یعنی لائف لائن ہے جو خوبصورت سونہ مرگ سے سال بھر رابطے کو ممکن بناتی ہے۔ یہ مقامی معیشت اورسرمائی سیاحت کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور خطے میں معاش اور تجارت کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،” وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔اُنہوں نے اندھیروںسے نکل کر لوگوں کی زندگی میں اُمید کی کرن پیدا کی ہے۔ کتابوں میں جموں و کشمیر کا ذکر جنت کے طور پر کیا گیا ہے اور اُنہوں نے اسے حقیقت بنایا ہے۔ آج دہشت گردی کے بجائے سیاحت پر بات ہو رہی ہے۔“
اُنہوں نے کہا کہ یہ زمینی منصوبہ جموںوکشمیر یوٹی کی تیز رفتار اور جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا ثبوت ہے۔ اِس ٹنل کے کھلنے سے نہ صرف سونہ مرگ میں سیاحتی شعبے کی قسمت بدل جائے گی بلکہ اِس علاقے کی سماجی اور معاشی حالت بھی بدل جائے گی۔
اُنہوں نے کہا،”میں گگن گیر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے سونہ مرگ ٹنل پروجیکٹ کے کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آج ہم نے سٹریٹجک نقطہ نظر سے بھی ایک بڑی پروان چڑھائی ہے اور اَپنی مسلح اَفواج کی آواجاہی کو آسان بنانے کے لئے ایک مضبوط بنیادی ڈھانچے کی مدد فراہم کی ہے۔ زیر تعمیر زوجیلہ ٹنل جو 2026 ءتک مکمل ہونے کا اِمکان ہے، پورے سال لداخ سے رابطے اور دُور دراز علاقوں میں بغیر کسی رُکاوٹ کے ضروری خدمات کو یقینی بنائے گی۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی بے مثال توسیع، نئے صنعتی اِنقلاب، شاہراہوں کا بڑا نیٹ ورک، نچلی سطح پر جمہوریت کی مضبوطی، زراعت اور باغبانی شعبے میں نیا اِنقلاب، سماجی و اِقتصادی شعبوں کی بحالی اور محروم طبقوں کی ترقی نے ایک ترقی یافتہ خود انحصارجموں کشمیر کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔














