ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ، جس میں جموںکشمیر میں سرکار کے کام کاج پر تبادلہ خیال ہوا
جموں کشمیر کو جلد ریاست کا درجہ دیا جائے گا ، وزیر داخلہ نے یقین دہانی کی ۔عمر عبداللہ
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو یہاں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور ریاست کی جلد بحالی سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ سے جموںکشمیر کی مجموعی صورتحال سے آگاہی دلائی اور وعدے کے مطابق جموںکشمیر کو سٹیٹ ہڈ کی بحالی کامطالبہ دہرایا ۔ ذرائع کے مطابق امت شاہ نے عمرعبداللہ کو یقین دلایا کہ جموںکشمیر کے لوگوں کی امنگوںکے مطابق مرکزی سرکار ریاستی درجے کی بحالی کا فیصلہ کرے گی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو گزشتہ روز نئی دلی پہنچے تھے نے جمعرات کو وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ملاقات کی ۔ جموں و کشمیر کے پہلے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عبداللہ کی مرکزی وزیر کے ساتھ یہ دوسری ملاقات ہے جو اگست 2019 میں سابقہ ریاست کی تنظیم نو کے بعد تشکیل دی گئی تھی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور وزیر داخلہ کے درمیان جموں کشمیر کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ جبکہ سی ایم نے زیر داخلہ کوجموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کی صورتحال اور سرکارکے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی ۔ وزیر اعلیٰ نے جموں کشمیر کی ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ پھر سے دہراتے ہوئے کہا کہ یہ جموںکشمیر کے لوگوںکا جمہوری اور آئینی حق ہے جس کا وعدہ مرکز نے بار بار کیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے عمر عبداللہ کو یقین دلایا کہ مرکزی سرکار جموںکشمیر کے عوام کی توقعات کے مطابق انکی امنگوں کے تحت ریاست کا درجہ بحال کرنے کا فیصلہ جلد کرے گی اور وقت پر سب ہوگا۔ وزیر اعلیٰ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے اور جموں کشمیر میں مجموعہ بجٹ پیش کرنے کے بارے میں ان سے بات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے امت شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور ہم نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہرایا جس پر وزیر داخلہ نے ہمیںریاستی درجے کی بحالی کایقین دلایا ۔ عبداللہ جموں و کشمیر میں ریاست کی جلد بحالی کے بارے میں پرامید ہیں اور شاید ایک ممکنہ ٹائم لائن پر کام کریں گے۔اس مسئلے کے علاوہ، وزیراعلیٰ مختلف محکموں پر منتخب حکومت کے اختیارات کا واضح احساس حاصل کرنے کے لیے ٹرانزیکشن آف بزنس رولز (TBR) پر بھی وضاحت طلب کریں گے۔واضح رہے کہ بدھ کو عبداللہ نے کہا کہ ریاست کی بحالی سمیت بہت سارے مسائل ہیں، جن پر انہیں مرکزی وزیر داخلہ سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا تھا کہ بہت سارے مسائل ہیں جن پر مجھے وزیر داخلہ سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ فی الحال، جموں کشمیر ایک UT ہے اور ہم ریاست کا درجہ حاصل کرنے کی توقع کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ کا UT میں ایک مختلف کردار ہے،” قبل ازیں عبداللہ نے 16 اکتوبر کو عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی دارالحکومت کے اپنے پہلے دورے کے دوران 23 اکتوبر کو شاہ سے ملاقات کی۔جب کہ اس ملاقات کو ایک شائستہ ملاقات کے طور پر دیکھا گیا، حکام نے کہا کہ عبداللہ نے مرکزی وزیر داخلہ کو صورتحال سے آگاہ کیا اور ریاست کی بحالی کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔












