تین رہائشی مکان خاکستر، کئی کنبے بے گھر
سرینگر07،جولائی/شہر خاص کے راجوری کدل علاقے میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔ یو پی آئی کے مطابق اتوار کی سہ پہر راجوری کدل علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ نمائندے نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی جبکہ تین کنبوں سے وابستہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔













