بنجر زمین کو سبزیوں کے کھیتوں میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری /ناظم زراعت
سرینگر/ محکمہ زراعت نے اینٹ بٹھوں کے تحت اراضی کو بازیاب کراکے انہیں زرعی سرگرمیون کیلئے استعمال میں لائے جانے کی کوششوں کا آغاز کیا ہے ۔محکمہ نے بڈگام کے کئی مقامات سے غیر قانونی اینٹ بٹھوں کو ہٹاکر اراضی مالکان کو سبزیاں ارودیگر فصلیں اگانے کی ترغیب دی ہے ۔ٹی ای این کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے آج اینٹوں کے بھٹے سے حاصل کی گئی اراضی کا دورہ کیا اور متعلقہ کسان سے محکمہ کی طرف سے مختلف مداخلتوں کے بارے میں بات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ کی بھرپور کوششوں سے اینٹوں کے بھٹے کی سات کنال اراضی واگزار کروا کر اس کے مالک کو اس پر زرعی سرگرمی شروع کرنے کی ترغیب دی گئی۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ نے زمین کے اس ٹکڑے پر سبزیوں کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام متعارف کروائیں جس سے زمین کے مالک کو اطمینان بخش آمدنی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے غیر مجاز بھٹوں کے لیے استعمال ہونے والی زیادہ سے زیادہ زمین واپس لینے اور اسے زرعی مقاصد کے لیے تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زرعی اراضی کی بازیافت کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا تاکہ ضلع میں زمین کی زرخیزی ضائع نہ ہو۔بعد ازاں، ڈائریکٹر زراعت نے بی کے پورہ زون کے کچھ دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور علاقے میں زرعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ علاقے کے کسانوں کی ان کی مختلف زرعی سرگرمیوں میں رہنمائی کریں۔انہوں نے انہیں علاقے میں فیلڈ وزٹ کی تعدد بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ کاشتکار برادری کو محکمہ کی جانب سے مختلف مداخلتوں کے بارے میں مناسب معلومات فراہم کی جا سکیں۔












