سری نگر/ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے جمہ گنڈ علاقے میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک دوران شب چھڑنے والے تصادم میں 5 غیر ملکی جنگجو مارے گئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کپوارہ میں انکاﺅنٹر کے دوران 5 غیر ملکی جنگجو مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق سرحدی ضلع کپواڑہ کے جمہ گنڈ علاقے میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب علاقے کو محاصرے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسزکے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں کافی عرصے تک سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سلامتی عملے نے تصادم کی جگہ پانچ ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے ایک بہت بڑے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے اور مزید ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کو بھی خارج از مکان قرار نہیں دیاجاسکتا ۔ ذرائع نے بتایا کہ لائل آف کنٹرول کے نزدیک ممکنہ طورپر پانچ غیر ملکی جنگجوﺅں کی ہلاکت کے بعد سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوںپر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ امکانی دراندازی کے واقعات کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر مزید چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ دریں اثنا اے ڈی جی پی وجے کمار نے بتایا کہ جمہ گنڈ کپواڑہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج اور پولیس نے مشترکہ طورپر آپریشن کو انجام دیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔ یو این آئی۔













