سری نگر،13مئی (یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہفتے کی صبح در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔حکام کے مطابق طرفین کے درمیان گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک جونیئر کمیشنڈ افسر(جے سی او) معمولی طور زخمی ہوا ہے۔سری نگر نشین دفاعی ترجمان کرنل عمران موسوی نے اپنے ایک بیان میں کہا: ‘ در اندازوں کے ایک گروپ کا لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی کوششوں کے دوران الرٹ فوجی جوانوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں در اندازی کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا’۔انہوں نے بیان میں کہا کہ پاکستانی فوج کی طرف سے در اندزوں کے لئے ایک کواڈ کاپٹر کو بھی اڑاتے ہوئے دیکھا گیا جس کو فائرنگ کرکے واپس جانے پر مجبور کر دیا گیا۔ان کا بیان میں کہنا تھا: ‘در اندازوں کی یہ مایوس کن کارروائی جس کو پاکستانی فوج کی مناسب حمایت حاصل تھی، جی ٹونٹی اجلاس میں خلل ڈالنے اور وادی میں انتشار پیدا کرنے کی اور اور ناکام کوشش تھی’۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس گنے جنگل علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔اوڑی سیکٹر میں در اندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب سری نگر میں ماہ رواں کے اواخر میں منعقد ہونے والے جی ٹونٹی ورکنگ گروپ اجلاس کے پیش نظر جموں وکشمیر کے سرحدوں پر سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔













