سرینگر جموں شاہراہ پر اودھمپورمیں سی آر پی گاڑی اور ٹرک کے مابین ٹکر 5فورسز اہلکار زخمی
سرینگر/15مارچ///سرینگر جموں شاہراہ پر اودھمپور کے مقام پر سڑک کے ایک حادثے میں سی آر پی ایف کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا ۔ ادھر گاندربل کے کنگن علاقے میں سڑک کے ایک حادثے میں 9افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل پہنچایا گیا ۔وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے کنگن کے تھونے علاقے میں بدھ کو پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ آج صبح تھونے علاقے کے قریب ایک لوڈ کیریئر سڑک پر لڑھک گیا ۔اس واقعے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔جن میں سے 6افراد کو مزید علاج و معالجہ کےلئے صورہ سکمز منتقل کیا گیا ہے ۔دریں اثناءادھم پور ضلع میں بدھ کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ایک ٹرک اور سی آر پی ایف گاڑی کے مابین ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکار گشت کی ڈیوٹی پر تھے جب جموں جانے والے ٹرک نے صبح 6.50 بجے کے قریب ٹکری کے قریب ان کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں – چار اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل – کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا اور ان کی حالت "مستحکم” بتائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔














