آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے /ڈی آئی جی جنوبی کشمیر
سرینگر26 فروری/ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رائیس بٹ نے بتایا کہ اچھن پلوامہ میںکشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ یو پی آئی کے مطابق پلوامہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رائیس بٹ نے بتایاکہ اچھن پلوامہ میں اتوار کی صبح ملی ٹینٹوں نے اقلیتی فرقے سے وابستہ ایک شخص پر فائرنگ کی جس کی بعد میں ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا یہ واقع کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوا اس کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عین شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملوث ملی ٹینٹوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور بہت جلد اُنہیں اس کی سزا بھگتنی پڑے گی۔














