سرینگر18 فروری//جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں حزب المجاہدین تنظیم سے وابستہ تین معاونین کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹ سرگرمیوں کو روکنے کی خاطر پولیس تھانہ بہی باغ کی ٹیم نے کالعدم تنظیم حزب کے تین ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک دشمن عناصر کے بارے میں ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی بنیاد پر کولگام پولیس نے عالم گنج کراسنگ کے نزدیک ایک ناکہ لگایا جس دوران تین افراد کو حراست میں لیا گیا اور مسلسل پوچھ گچھ کے بعد پتہ لا کہ وہ ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور جنگجو تنظیم کو مد فراہم کر رہے ہیں ۔ پولیس نے گاڑی اور اس میں سوار تین ملی ٹینٹ معاونین کی گرفتاری عمل میں لا کر اسلحہ وگولہ بار و د بھی برآمد کیا۔ ان کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے ایک پستول ، دو پستول میگزین، تیرہ پستول راونڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق مسلسل پوچھ گچھ کے بعد ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ تینوں ملی ٹینٹ تنظیم کو منطقی مدد فراہم کررہے تھے۔ گرفتار شدگان کی شناخت عباس وگے ولد رمضان رگے ساکن امام صاحب ، گوہر شفیع میر ساکن ڈی کے پورہ شوپیاں ، نثار رحمان شیخ ولد عبدالرحمن شیخ ساکن ڈی کے پورہ کے بطور ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ بہی باغ میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔ بتادیں کہ جمعے کی شام کو سری نگر پولیس دو سرگرم ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ۔













